انٹرا پارٹی انتخابات نہیں ہونے پراس وقت کوئی پارٹی چیئرمین موجود نہیں ،چیف الیکشن کمشنر
پاور آف اٹارنی کوریکارڈپرلے کراس سے متعلق حکم جاری کیاجائے گا:سکندرسلطان راجہ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)الیکشن کمیشن نے محمودخان اچکزئی کو پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا سربراہ تسلیم کرنے سے انکارکردیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی الیکشن کمیشن نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات نہ کروانے، پارٹی آئین میں تبدیلی اور اکا ئونٹس سے متعلق اعتراضات سے کیس کی سماعت کی۔دوران پی سماعت میپ کے وکیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے جو پاور آف اٹارنی جمع کروائی ہے، اس پر کس کے دستخط موجود ہیں؟ وکیل نے جواب دیا کہ پاور آف اٹارنی پر پارٹی چیئرمین کے دستخط ہیں۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ریمارکس دیئے چونکہ انٹرا پارٹی انتخابات نہیں ہوئے، اس لیے اس وقت کوئی پارٹی چیئرمین موجود نہیں ہے، چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہاپاور آف اٹارنی کو ریکارڈ پر لے لیا جائے گا اور اس سے متعلق حکم جاری کیا جائے گا۔ بعدازاں مزید سماعت 19 اگست تک ملتوی کردی گئی۔