عدم پیشی پر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری
لاہورہائیکورٹ:نورین کی حفاظتی ضمانت منظور ، گرفتاری سے روکدیا گیا
اسلام آباد،لاہور(بیورو رپورٹ،کرائم رپورٹر )انسداددہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے 4 اکتوبر احتجاج کیس میں طلبی کے باوجود مسلسل عدم پیشی پر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کواشتہاری قرار دیتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔گذشتہ روز احتجاج کیس کی سماعت ہوئی اور طلبی کے باوجود علیمہ خان اور عظمی خان عدالت پیش نہ ہوئیں پولیس نے اشتہاری کی کارروائی مکمل کرکے رپورٹ عدالت جمع کروائی جس پر عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ،عدالت نے ان کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں،علیمہ خان اور عظمیٰ خان کیخلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج ہے۔ دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی ائی کی بہن نورین نیازی کی ایک ہفتے کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے این سی سی ائی اے کوان کی گرفتاری سے روک دیا ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اکبر ڈوگر نے نورین نیازی کی درخواست پر سماعت کی،نورین نیازی اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر شہریار نے موقف اختیار کیا کہ این سی سی ائی اے نے پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج رکھا ہے ،خدشہ کہ این سی سی ائی اے گرفتار کرلے گا ،متعلقہ عدالت سے رجوع کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے، عدالت نے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔