جناح ہاؤس حملہ کیس میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بے قصور قرار

20 ماہ بعد اللہ نے ہمیں سرخرو کیا، تفتیشی افسروں کی کوتاہی  سے غیر ضروری سزائیں بھگتنا پڑیں:علیمہ
    لاہور (کورٹ رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں بے قصور قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں نو مئی کے مقدمات میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی جہاں پولیس کی جانب سے عمران خان کی بہنوں کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں بے قصور قرار دیا گیا، اس حوالے سے تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف تفتیش مکمل ہو چکی ہے جس میں وہ جناح ہاؤس حملہ کیس میں بے قصور ثابت ہوئیں۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ 20 مہینوں بعد اللہ نے ہمیں سرخرو کیا، اس عرصے میں نظام کے حوالے سے بہت کچھ سیکھا، ریکارڈ کی عدم دستیابی کے باعث بیس مہینے تک عدالتوں کے چکر لگانے پڑے، تفتیشی افسران کی کوتاہی کی وجہ سے کئی افراد کو غیر ضروری سزائیں بھگتنا پڑیں، اللہ تعالیٰ کسی دشمن کو بھی اس اذیت سے نہ گزارے، اگر تفتیشی افسر پہلے دن ہی پیش ہو جاتا تو شاید نوبت یہاں تک نہ پہنچتی۔