باغبانپورہ میں 3 بھائی اہلخانہ کے ہمراہ ایک ہی گھر رہائش پذیر تھے، آہوں اور سسکیوں میں تدفین کردی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر )باغبانپورہ کی محمد دین کالونی میں تین منزلہ مکان کی چھت گرنے کے المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے 11 افراد کی نماز جنازہ باغبانپورہ جنازہ گاہ میں ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ میں اہل علاقہ، عزیز و اقارب اور سینکڑوں سوگواروں نے شرکت کی۔ بعد ازاں مرحومین کو آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کیا گیاریسکیو حکام کے مطابق سکھ نہر کے قریب بھٹہ محمد دین کالونی میں منہدم ہونے والے گھر کی چھت مٹی اور ٹی آر گارڈر سے بنی تھی، جاں بحق افراد میں 50 سالہ شاہدہ، 22سالہ احد علی، 12سالہ حسنین، 60 سالہ ثمینہ، 24 سالہ کومل ، 23 سالہ مجاہد، 7 سالہ نیلم ، 8 سالہ حماداور 10 سالہ فاطمہ شامل ہیں،حادثے میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ملبے تلے سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، 17 گھنٹوں تک جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کو مکمل کر لیا گیا ۔پولیس کے مطابق واقعہ رات 10 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا ، 3 منزلہ مکان میں 3 خاندان رہائش پذیر تھے۔ ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے مشترکہ آپریشن کیا،تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے ،واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 کے ڈئیریکٹر جنرل رضوان نصیر نے بتایا تھا کہ چھ افراد کو ملبے سے زندہ نکال کر کے ہسپتال منتقل کیا گیا،حادثے سے متاثرہ افراد کی حتمی تعداد کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈی سی لاہور اور دیگر انتظامی افسر فوراً موقع پر پہنچ گئے، ڈی سی اور دیگر انتظامی افسران کئی گھنٹوں تک امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرتے رہے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے باغبانپورہ ریسکیو آپریشن کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ کی مانیٹرنگ کی۔ مریم نواز شریف نے زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت کی اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم کی ہدایت پر جاں بحق افراد کی تجہیز وتکفین کے انتظامات کیے گئے جبکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر علاقے کو بند کرکے ملحقہ گھر خالی کرالیے گئے ۔ ذرائع کے مطابق زمین بوس ہونے والے مکان میں 3بھائی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ تین منزلوں پر رہائش پذیر تھے ، ان کی بہن بھی بچوں کے ہمراہ رہنے آئی ہوئی تھی ،گھر میں ایک بچے کی سالگرہ تقریب منعقد ہو رہی تھی کہ اسی دوران چھت ان پر آن گری۔