مکان کی چھت گرنے سے بچہ جاں بحق

بارش سے کمزور بنیادوں والا مکان زمین بوس ہوا، خاتون شدید زخمی 
 ملگدا چوک (خصوصی رپورٹ )چک 36 فورایل، ملگدا گاو ں میں ایک خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے محنت کش اللہ دتہ کا کمسن بیٹا جاں بحق ہو گیا، جبکہ ایک خاتون کے بازو اور ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔ حادثے میں دیگر افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث بارش کا پانی مکان کی بنیادوں میں پیچھے کی جانب سے داخل ہو گیا، جس سے دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ آج اچانک سارا مکان منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں معصوم بچہ موقع پر دم توڑ گیا اور ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔زخمیوں کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے پر اہل علاقہ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے متاثرہ خاندان کی فوری امداد کا مطالبہ کیا ہے۔