ایکو برکس کو سیمنٹ، ریت اور بجری میں 15 سے 20 فی صد پلاسٹک استعمال کرکے تیار کیا جا رہا ہے
لاہور (خصوصی رپورٹ) ملک میں گھر اور دیگر تعمیرات کیلئے ماحول دوست اینٹیں تیار کرلی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں ماحول دوست اینٹیں ایکو برکس کی تیاری شروع کردی گئی ہے، ان ایکو برکس کو سیمنٹ، ریت اور بجری میں 15 سے 20 فی صد پلاسٹک استعمال کرکے تیار کیا جا رہا ہے، ان اینٹوں کو فرش اور بیرونی چار دیواری میں بھی استعمال کرنے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ ان ماحول دوست اینٹوں کو بنانے کا سلسلہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شروع کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے افتتاحی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں وفاقی وزیر ماحولیات شذرہ منصب علی خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ماحولیات نے بتایا کہ بجری، ریت اور سیمنٹ کے ساتھ پلاسٹک ویسٹ کو مکس کرکے ان ایکو برکس کی تیاری کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، جو گھروں کے فرش کے علاوہ بیرونی چار دیواری میں بھی استعمال کی جاسکتی ہیں۔