دروازے پر اینٹیں مار کر خواتین کو ڈرانے والے گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر) مناواں پولیس نے ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کی ہدایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے خواتین کو ہراساں کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ متاثرہ خاتون گلشن اصغر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں مرکزی ملزمان حسنین اور زیشان کے علاوہ زاہد، عادل، زکیہ اور 4/5 نامعلوم افراد شامل ہیں۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ملزمان دروازے پر اینٹیں مارتے اور نا زیبا زبان استعمال کرتے رہے۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کر کے مرکزی ملزمان کو حوالات میں بند کر دیا۔ مزید تفتیش کے لیے انوسٹی گیشن ٹیم کو سونپ دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں اور خواتین کو ہراساں کرنے والے عناصر کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ایس پی کینٹ نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایسے واقعات کی فوری اطلاع دیں تاکہ جلد کارروائی ممکن ہو۔موقع پر موجود اہلکاروں کا کہنا تھا کہ شہر میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے پولیس مسلسل سرگرم عمل ہے اور خواتین کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔