ٹیلی میڈیسن کا نظام وقت کی ضرورت ،وزیر صحت کی زیرِ صدارت ٹیلی میڈیسن منصوبے پر اعلیٰ سطحی اجلاس
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن کا نظام وقت کی ضرورت ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو ان کی دہلیز پر ڈاکٹر اور دوا کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ابتدائی طور پر کراچی اور اسلام آباد میں پائلٹ پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی صدارت میں ٹیلی میڈیسن منصوبے پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارتِ صحت کے اعلیٰ حکام، جوائنٹ سیکرٹری ہیلتھ، ڈی جی ڈویلپمنٹ اور ٹیلی میڈیسن کے ماہر کنسلٹنٹس شریک ہوئے۔اجلاس میں منصوبے کی موجودہ پیش رفت، چیلنجز اور مستقبل کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ صحت نے ہدایت دی کہ منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ ملک بھر کے عوام اس جدید سہولت سے مستفید ہو سکیں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن کا نظام وقت کی ضرورت ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو ان کی دہلیز پر ڈاکٹر اور دوا کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ابتدائی طور پر کراچی اور اسلام آباد میں پائلٹ پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس جدید اقدام سے نہ صرف بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم ہو گا بل کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے غریب مریضوں کو بھی گھر بیٹھے معیاری طبی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔