پنجاب میں صنعتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے کریک ڈاؤن، کیمرے نصب کرنا لازم

بوائلر اور فرنس استعمال کرنے والی تمام صنعتوں پر چمنیوں کی نگرانی کیلئے کیمرے لگانے کی ہدایت، 31 اگست تک سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہ کرنیوالی انڈسٹریز کیخلاف کارروائی ہوگی، ڈی جی ماحولیات
لاہور (زیڈ این این) پنجاب حکومت نے صنعتی آلودگی کے خاتمے اور ماحولیاتی بہتری کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے صوبے بھر میں انڈسٹریز پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس حوالے سے تمام بوائلر اور فرنس چلانے والی صنعتوں کو سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ترجمان محکمہ ماحولیات کے مطابق ان کیمروں کا مقصد صنعتی چمنیوں سے خارج ہونے والے دھوئیں کی لائیو نگرانی ہے، تاکہ ماحول کو آلودہ کرنے والے عناصر کی بروقت نشاندہی اور کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ ان کیمروں سے حاصل ہونے والی ویڈیوز براہ راست اے پی اے ہیڈ کوارٹر میں مانیٹر کی جائیں گی۔ڈی جی ماحولیات کے مطابق کیمروں کو خاص طور پر چمنیوں سے دھوئیں کے اخراج کی جگہ پر فوکس کیا جائے گا، تاکہ آلودگی کی نوعیت اور مقدار کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔ کیمرے پنجاب آئی ٹی بورڈ کی تجویز کردہ ٹیکنیکل خصوصیات کے مطابق ہونے چاہییں۔تمام صنعتی اداروں کو 31 اگست 2025 تک کی حتمی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے، جس کے بعد کیمرے نصب نہ کرنے والی انڈسٹریز کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی کے مستقل حل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔