ترکیہ نے اسرائیل کے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کر دی

ترکیہ نے اسرائیل کے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کر دی

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوآن نے استنبول میں صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اسرائیل کا خود ساختہ جمہوریہ صومالی لینڈ کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنا غیر قانونی اور ناقابلِ قبول ہے، اور یہ اقدام افریقہ میں عدم استحکام بڑھا سکتا ہے۔

صدر ایردوآن نے واضح کیا کہ ترکیہ صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور کسی بھی یکطرفہ اقدام کو تسلیم نہیں کرے گا جو خطے کے امن کے لیے خطرہ بنے۔اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ترکیہ اور صومالیہ کے درمیان طے پانے والے دو طرفہ معاہدے کے تحت 2026 میں ترکیہ صومالیہ کے ساحلی علاقوں میں توانائی کے وسائل کی تلاش کے لیے کھدائی کا آغاز کرے گا، جس کے لیے دو نئے تحقیقی جہاز شامل کیے جائیں گے۔

مزید برآں، ترکیہ نے صومالیہ میں ایک خلائی بندرگاہ قائم کرنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ ماہرین کے مطابق ترکیہ اور صومالیہ کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون خطے میں اقتصادی ترقی اور توانائی کے شعبے میں نئی پیش رفت کا باعث بن سکتا ہے، جبکہ اسرائیل کے حالیہ فیصلے پر علاقائی سطح پر ردعمل میں اضافہ متوقع ہے۔