لاہور(کرائم رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ایمانداری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کرنے والے ریلوے پولیس کے کانسٹیبل رائو شریف کے لیے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے واضح کیا کہ یہ انعامی رقم وہ اپنی جیب سے ادا کریں گے۔محمد حنیف عباسی نے ریلوے پولیس اہلکار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ رائو شریف جیسے ایماندار اور فرض شناس لوگ پاکستان ریلوے کا اصل چہرہ ہیں اور انہی افراد کی بدولت ریاستی اداروں پر عوام کا اعتماد مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمانداری اور فرض شناسی ہی ریاستی اداروں کی اصل طاقت ہے۔وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ ریلوے پولیس اہلکار کا یہ قابلِ تحسین اقدام نہ صرف دیگر ملازمین کے لیے مثال ہے بلکہ اس سے عوام کے اداروں پر اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔واضح رہے کہ کانسٹیبل رائو شریف کو ٹرین سے 38 لاکھ روپے سے بھرا بیگ ملا تھا، جو کراچی کے تاجر محسن کا تھا۔ ریلوے پولیس اہلکار نے انتہائی دیانت داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے روہڑی اسٹیشن پر اصل مالک کو تلاش کر کے رقم اس کے حوالے کر دی، جس پر انہیں ملک بھر میں سراہا جا رہا ہے