حکومت کیساتھ مذاکرات کا ماحول نظر نہیں آ رہا:سلمان اکرم راجہ

مذاکرات تب ہوتے ہیں جب بنیادی اصولوں کو مانا جائے،ہوا میں مذاکرات کی بات  بے معنی ہے
 عوام، بانی پی ٹی آئی، ان کے ساتھیوں اور جماعت نے مخلصانہ اور ٹھوس بات کرنی ہے:میڈیا سے گفتگو
 راولپنڈی (آئی این پی )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہاہے ماننا ہوگا  اس ملک کے آئین پر حملہ ہوا ہے اور جمہوریت ہی آگے چلنے کا واحد راستہ ہے،8 فروری 2024 کی بنیاد پر جو نظام قائم کیا گیا، وہ دیرپا نہیں چل سکتا۔  راولپنڈی فیکٹری ناکے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی بہنوں کا حق ہے کہ ان کی ملاقات کروائی جائے،سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ فیصلہ نہیں کیا جا سکتا کہ بانی پی ٹی آئی کو قیدِ تنہائی میں ڈال دیا جائے،ان کا یہ رویہ بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے،انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت انہیں مذاکرات کا کوئی ماحول نظر نہیں آ رہا، مذاکرات تب ہوتے ہیں جب بنیادی اصولوں کو مانا جائے،یہ کیا ہوا کہ آپ آئو، جائو، بسکٹ کھائو، کچھ نکل آئے گا؟۔  سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پاکستان کی عوام، بانی پی ٹی آئی، ان کے ساتھیوں اور جماعت نے مخلصانہ اور ٹھوس بات کرنی ہے،ہوا میں مذاکرات کی بات کرنا بے معنی ہے۔