سیف سٹی کیمروں کی نشاندہی پر کارروائی، گاڑیاں تھانوں منتقل کردی گئیں
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر ڈولفن سکواڈ نے جعلی، ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس اور بلیک لسٹڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈا ئون تیز کر دیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق سیف سٹی کیمروں کی نشاندہی پر ڈولفن سکواڈ نے مختلف کارروائیوں کے دوران 11 گاڑیاں را ئونڈ اپ کر لیں۔ پکڑی گئی گاڑیوں پر جعلی اور ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس نصب تھیں، جن کا مقصد ای چالان سے بچنا تھا۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد کے مطابق ٹیمپرڈ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیاں ماضی میں وارداتوں میں استعمال ہوتی رہی ہیں، جبکہ گاڑی کی رجسٹریشن، انجن یا چیسیز میں ٹیمپرنگ کرنا قانوناً جرم ہے۔ گرفتار افراد اور گاڑیوں کو قانونی کارروائی کے لیے لاہور کے مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا گیا۔ ایس پی ڈولفن نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ گاڑی کے اصل دستاویزات ہمراہ رکھیں اور غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس کے استعمال سے گریز کریں۔