مقابلہ حسن جیتنے والی بھارتی انفلوئنسر کی پراسرار موت، تحقیقات جاری

 نِدھی ہفتے کے روز بھوسا موڑ کے علاقے میں واقع اپنے گھر میں مردہ پائی گئی تھی
 نئی دہلی (شوبز ڈیسک) بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر اور مس پریٹی انڈیا 2024 کی فاتح نِدھی تیواری 30 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ ماڈلنگ اور اداکاری میں کیریئر بنانے کے لیے سرگرم تھیں اور فیس بک و انسٹاگرام پر مجموعی طور پر تقریبا 16 لاکھ افراد انہیں فالو کرتے تھے۔مدھیہ پردیش کے ضلع سنگرولی سے تعلق رکھنے والی نِدھی ہفتے کے روز بھوسا موڑ کے علاقے میں واقع اپنے گھر میں مردہ پائی گئیں۔ اہل خانہ انہیں فوری طور پر اسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ پولیس نے واقعے کی وجوہات اور حالات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔رپورٹس کے مطابق نِدھی کے فیس بک پر تقریبا 9 لاکھ اور انسٹاگرام پر تقریبا 7 لاکھ فالوورز تھے۔ ان کی پوسٹس پر ہزاروں ردعمل آتے تھے جبکہ بعض ویڈیوز کو لاکھوں مرتبہ دیکھا گیا۔ ان کی سوشل میڈیا مقبولیت نے انہیں وِندھیا خطے کی نمایاں ڈیجیٹل شخصیات میں شامل کردیا تھا۔