کراچی (شوبز ڈیسک) معروف اداکار دانش تیمور کی حمایت میں ساتھی فنکار عمران اشرف میدان میں آگئے، ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔دانش تیمور حال ہی میں ایک ڈرامے میں نظر آئے ہیں، اس ڈرامے کے مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔وائرل کلپ میں اداکار کی ڈائیلاگ کی ادائیگی کو ناظرین نے سخت ٹرولنگ کا نشانہ بنایا ۔اب عمران اشرف نے دانش تیمور کی حمایت میں آواز بلند کی ہے۔عمران اشرف نے کہا ہے کہ میں عام طور پر کسی کے معاملات یا کسی کے بارے میں بات نہیں کرتا، لیکن دانش تیمور ایک بہت بڑے اسٹار ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں شاندار پرفارمنسز دی ہیں اور اب صرف ایک کلپ کی بنیاد پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔عمران اشرف کے مطابق یہ صورتِ حال ظاہر کرتی ہے کہ لوگ محض دوسروں میں خامیاں تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری میں دانش تیمور کی خدمات اور گزشتہ برسوں کے دوران دی جانے والی تمام اہم اور یادگار پرفارمنسز پر دانش تیمور کا شکریہ بھی ادا کیا۔