ڈارک ویب، او ایس آئی این ٹی ماہرین اور فیکٹ چیکرز بھرتی ہوں گے، 3 ارب مختص
لاہور (زیڈ این این) پنجاب حکومت نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) میں جدید ترین ''کاؤنٹر نیریٹو اینڈ کاگنیٹو سکیورٹی ونگ'' قائم کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے، جس کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے۔حکومت کی جانب سے نئے ونگ کو فعال بنانے کے لیے 120 نئی اسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت پروجیکٹ ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹرز، سینئر اینالسٹس، او ایس آئی این ٹی (OSINT) اور ڈارک ویب اینالسس کے بین الاقوامی سطح کے ماہرین شامل کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل میڈیا منیجرز، سوشل میڈیا اسٹریٹجسٹس، فیکٹ چیکنگ سپیشلسٹس، کنٹینٹ رائٹرز اور 40 فیلڈ کوآرڈینیٹرز سمیت دیگر تکنیکی و معاون عملے کی بھرتی کی جائے گی۔حکام کے مطابق اس نئے ونگ کے لیے سالانہ 49 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد بجٹ منظور کیا گیا ہے جبکہ اس پورے منصوبے پر مجموعی لاگت 3 ارب روپے سے زائد آئے گی۔ نیا ونگ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ریاست مخالف بیانیے، منفی پروپیگنڈے کا مؤثر توڑ کرنے، سائبر سپیس میں فیکٹ چیکنگ اور معلومات کے بروقت تجزیے کی ذمہ داری نبھائے گا۔