جعلی اکا ئونٹ بنا کر لوٹنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت، پی ٹی اے حکام طلب،یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے: جسٹس علی ضیا باجوہ
لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ میں غیر رجسٹرڈ سمز فروخت کرنے والے ملزم کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کے دوران جسٹس علی ضیا باجوہ نے غیر رجسٹرڈ سمز فوری طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے غیر رجسٹرڈ سمز فروخت کرنے اور جعلی موبائل اکا ئونٹس بنا کر عوام کو لوٹنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔عدالت نے ڈی جی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور پی ٹی اے کے سینئر افسر کو 6 اکتوبر کو طلب کرلیا۔ ساتھ ہی ملک بھر میں غیر رجسٹرڈ سمز کی مکمل تفصیلات بھی طلب کرلی گئیں۔سماعت کے دوران جسٹس علی ضیا باجوہ نے ریمارکس دیے کہ بغیر تصدیق شدہ سمز کی فروخت نے تباہی پھیلا دی ہے، یہ نہایت سنجیدہ معاملہ ہے۔ پی ٹی اے کے وکیل سے استفسار کیا گیا کہ ملزم سے کتنی غیر تصدیق شدہ سمز بر آمد ہوئیں؟ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے 773 سمز بر آمد ہوئیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ جعلی موبائل اکا ئونٹس بنا کر کروڑوں روپے تاوان وصول کیا جاتا ہے، کیا اب یہ اتنا آسان ہو گیا ہے کہ کسی بھی نام سے جعلی موبائل اکا ئونٹ کھول لیا جائے؟ وکیل نے جواب دیا کہ بینک اکا ئونٹ جعلی بنانا ممکن نہیں، لیکن موبائل اکا ئونٹ بنوانے میں سخت شرائط نہ ہونے کے باعث مسائل سامنے آ رہے ہیں۔