خیبرپختونخوا میں وکلاء کا صوبہ بھر میں عدالتی بائیکاٹ، دو روز کی ڈیڈ لائن جاری

خیبرپختونخوا میں وکلاء کا صوبہ بھر میں عدالتی بائیکاٹ، دو روز کی ڈیڈ لائن جاری

پشاور: خیبرپختونخوا بار کونسل کی کال پر صوبے بھر میں وکلاء نے آج عدالتی بائیکاٹ کیا اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔

پشاور ہائی کورٹ سمیت ضلعی عدالتوں میں بھی وکلاء کی غیر حاضری کے باعث عدالتی کارروائیاں متاثر رہیں۔وکلاء کا کہنا ہے کہ صوبے میں وکلاء کے قتل اور پولیس تشدد کے واقعات میں ملوث عناصر تاحال گرفتار نہیں ہوئے۔ ان کا مؤقف ہے کہ چارسدہ میں نوجوان وکیل کے قتل میں ملوث ایس ایچ او کے خلاف بھی ابھی تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن امین الرحمن یوسفزئی نے کہا کہ آئی جی پولیس نے دو دن کی ڈیڈ لائن دی ہے کہ وکلاء کے قتل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور پولیس محکمے سے کالی بھیڑوں کو نکالا جائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مقررہ وقت میں کارروائی نہ کی گئی تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔