دنیا کے امیرترین ملک موناکو نے پاکستانیوں کو مستقل رہائش کی پیشکش کردی

فرانس کے کنارے پر واقع  چھوٹا مگر  پرکشش ملک اپنی دولت اور بلند معیارِ زندگی کے لئے مشہور ہے‘ذاتی آمدنی پر کوئی ٹیکس نہیں لگتا
 رہائش اختیار کرنے سے شینگن زون کے 26 یورپی ممالک میں آزادانہ سفر کیا جا سکتا ہے‘درخواست دہندہ کی عمر16 سال سے زیادہ ہونی چاہیے
پیرس(آئی این پی ) دنیا کے امیر ملک  موناکو  کی جانب سے   پاکستانیوں کیلئے مستقل رہائش کی پیشکش کی گئی ہے ۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق  فرانس کے کنارے پر واقع یہ چھوٹا مگر نہایت پرکشش ملک اپنی دولت، لگژری اور بلند معیارِ زندگی کے لئے مشہور ہے۔ موناکو کی سب سے بڑی کشش یہ ہے کہ یہاں ذاتی آمدنی پر کوئی ٹیکس نہیں لگتا، نہ ہی سرمایہ پر، نہ جائیداد پر اور نہ ہی وراثتی دولت پر زیادہ بوجھ ڈالا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے لوگ یہاں رہنے کے خواہشمند ہیں۔ موناکو مستقل رہائش یعنی پرمننٹ ریزیڈنسی کا ایک پروگرام پیش کرتا ہے، اس کے ذریعے آپ نہ صرف موناکو میں سکونت اختیار کر سکتے ہیں بلکہ کام کرنے اور کاروبار کرنے کے مواقع بھی حاصل کرتے ہیں، رہائشی کارڈ پہلے ایک سال کے لئے جاری کیا جاتا ہے، بعد میں یہ کارڈ سال بہ سال بڑھایا جاتا ہے اور کچھ عرصے بعد لمبے دورانیے کے لئے ملتا ہے، دس سال کی مسلسل سکونت کے بعد آپ کو خصوصی پرولیجڈ ریزیڈنس کارڈ دیا جاتا ہے جو دس سال کے لئے ہوتا ہے اور دوبارہ بھی بڑھایا جا سکتا ہے۔ موناکو کو کاروبار اور مالیاتی سرگرمیوں کا مرکز سمجھا جاتا ہے، یہاں رہائش اختیار کرنے کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ آپ شینگن زون کے 26 یورپی ممالک میں آزادانہ سفر کر سکتے ہیں،خوشگوار موسم، جدید سہولیات اور پرتعیش طرزِ زندگی اسے مزید پرکشش بناتے ہیں ،  لیکن اس رہائشی اجازت نامے کے لئے کچھ شرائط پوری کرنا ضروری ہیں،درخواست دہندہ کی عمر سولہ سال سے زیادہ ہونی چاہیے، صاف ریکارڈ، درست پاسپورٹ، صحت کا بیمہ اور موناکو میں رہائش کی جگہ ہونا لازمی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ کو اپنی مالی حیثیت ثابت کرنا ہوگی، اس کے لئے کم از کم پانچ لاکھ یورو یعنی تقریبا 16 کروڑ 52 لاکھ پاکستانی روپے کا ثبوت درکار ہے جو عام طور پر بینک ڈپازٹ یا دیگر مالی دستاویزات کے ذریعے دکھایا جاتا ہے، غیر یورپی شہریوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ پہلے فرانسیسی کانسلیٹ سے طویل قیام کا ویزا حاصل کریں۔