جنوبی افریقا نے خواتین ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 125 رنز سے شکست دے کر پہلی بار فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
یہ میچ گوہاٹی میں کھیلا گیا جہاں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز بنائے۔ کپتان لورا وولوارٹ نے 143 گیندوں پر اپنی کیریئر کی سب سے بڑی اننگز کھیلتے ہوئے 169 رنز بنائے، جس میں 20 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ تزمین برٹس 45 اور مریزان کیپ 42 رنز بناکر نمایاں رہیں، جبکہ شول ٹائرون اور ناڈین ڈی کلرک نا قابل شکست رہیں۔ انگلینڈ کی طرف سے صوفی ایکلیسٹون نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لورین بیل نے 2 وکٹیں لیں۔انگلینڈ کی جواباً بیٹنگ 42.3 اوورز میں 194 رنز تک محدود رہی، جہاں کسی بھی بیٹر نے تسلسل کے ساتھ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ ایمی جونز، ٹیمی بیومونٹ، اور ہیتھر نائٹ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹیں۔ نیٹ اسکوائر برنٹ نے 64 اور ایلیس کیپسی نے 50 رنز بنائے، مگر یہ ٹیم کو فتح نہ دلاسکیں۔ ڈینی ویاٹ ہوج 34 اور لنزے اسمتھ 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔
جنوبی افریقا کی جانب سے مریزان کیپ نے 5 وکٹیں حاصل کرکے انگلش بیٹنگ لائن کو تہس نہس کیا، جبکہ ناڈین ڈی کلرک نے 2 وکٹیں لیں۔ آیابونگا خاکا، ملابا، اور سون لوس نے ایک ایک وکٹ لی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی جنوبی افریقا پہلی بار خواتین ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے، جہاں وہ ٹرافی جیتنے کی کوشش کرے گی۔دوسرا سیمی فائنل آج دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور میزبان بھارت کے درمیان ہوگا۔ اب تک کے 12 ایڈیشنز میں، آسٹریلیا 7 مرتبہ، انگلینڈ 4 بار، اور نیوزی لینڈ ایک بار چیمپئن بن چکی ہے۔ افریقی ٹیم اس بار ٹرافی جیت کر تاریخ رقم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔