لاہو ر سمیت پنجاب کے کئی اضلاع سموگ کی لپیٹ میں آگئے

لاہور، گوجرانوالہ، سیا لکوٹ سمیت کئی شہروں میں سموگ کا خدشہ،  احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
لاہور( آن لائن) محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کے باعث مشرقی پنجاب کے اضلاع سموگ کی لپیٹ میں رہنے کی توقع ہے۔ شہریوں کو سانس اور آنکھوں کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں موسم خشک اور ٹھنڈا رہے گا۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ادھر پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول سیا لکوٹ، خانیوال، رحیم یار خان، بہاولپور، ملتان، لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور فیصل آباد میں اسموگ برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔