پنجاب : کئی شہر شدید فضائی آلودگی کی لپیٹ میں آگئے

ملتان ملک کا آلودہ ترین شہر قرار، لاہور کا  ایئر کوالٹی انڈیکس 400 سے تجاوز کرگیا
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک حد تک خراب ہوگئی ہے۔ عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں ملتان پہلے نمبر پر ہے، جبکہ لاہور دنیا کے بڑے آلودہ شہروں کی فہرست میں سرفہرست ہے۔ لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 400 سے تجاوز کرگیا۔ پیراگون کا علاقہ فضائی آلودگی سے سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں اے کیو آئی 728 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ علامہ اقبال ٹا ئون میں یہ شرح 615 اور ماڈل ٹا ئون میں 435 رہی۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی سموگ کی صورتحال برقرار ہے۔ ملتان میں ایئر کوالٹی انڈیکس 566، فیصل آباد میں 455 اور رحیم یار خان میں 483 ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی کی یہ سطح شہریوں کی صحت کے لیے شدید خطرے کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔