عمران خان 9 مئی واقعات کے ذمہ دار قرار، 8 مقدمات میں ضمانتیں مسترد

عمران خان 9 مئی واقعات کے ذمہ دار قرار، 8 مقدمات میں ضمانتیں مسترد

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان کی 8 مقدمات میں ضمانتیں مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

 عدالت کے جج منظر علی گل نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ پیش کیا جس میں کہا گیا کہ زمان پارک میں تیار کی گئی سازش کے گواہان کے بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں۔ پراسیکیوشن کے مطابق، خفیہ پولیس اہلکاروں نے پی ٹی آئی ورکرز کی شکل میں اس سازش کو سنا تھا، اور اس کے خلاف ثبوت موجود ہیں۔فیصلے میں کہا گیا کہ یہ کوئی معمولی کیس نہیں تھا بلکہ ایک سازش اور اشتعال انگیزی کا معاملہ تھا جس پر پی ٹی آئی کے لیڈران اور کارکنان نے سختی سے عمل کیا۔ عدالت نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی ممکنہ گرفتاری کے حوالے سے ایک سازش تیار کی، جس میں قیادت کو ریاستی مشینری کو جام کرنے کی ہدایات دیں۔

عدالت نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی جانب سے یہ دلیل دی گئی کہ وہ وقوعے کے وقت گرفتار تھے، لیکن یہ دلائل مسترد کر دیے گئے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے گرفتاری سے پہلے سازش تیار کی اور ان کی ہدایات اور بیانات ان کے حامیوں کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔عدالت نے پولیس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 11 مئی کو پولیس اہلکاروں پر تشدد اور دیگر واقعات میں ملٹری تنصیبات اور سرکاری اداروں پر حملے کیے گئے۔ نتیجتاً، بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کر دی گئیں۔