فوری طور پر غزہ کی طرف توجہ کی جانی چاہیے، لڑائی کوروکنا چاہیے:مائیک ریان

وہاں صحت کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ، بین الاقوامی طبی ٹیمیں اس نظام کو باقی رکھنے پر کام کر رہی ہیں
جنیوا(آئی این پی) عالمی ادارہ صحت میں ہنگامی پروگرام کے ڈائریکٹر مائیک ریان نے لبنان کی طرز پر غزہ میں بھی فائر بندی کا مطالبہ کیا ہے۔انھوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اب فوری طور پر غزہ کی طرف توجہ کی جانی چاہیے، ہمیں وہاں لڑائی کوروکنا چاہیے، صورت حال ابتر ہے، وہاں صحت کا نظام تقریبا مکمل طور پر تباہ ہو چکا ، شعبہ صحت کے دلیر کارکنان اور بین الاقوامی طبی ٹیمیں اس نظام کو باقی رکھنے پر کام کر رہی ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے امدادی ایجنسی (انروا ) کے چیف کمشنر فلپ لازارینی نے ایکس پلیٹ فارم پر ایک بیان میں بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی کے شمال میں جاری اسرائیلی فوجی آپریشن کے نتیجے میں 1.3 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔انروا کے مطابق غزہ کی پٹی کے شمال میں باقی رہ جانے والے 65 سے 75 ہزار افراد کے زندہ رہنے کے حالات کم ہو  رہے ہیں۔