لاہور سفاری زو میں شیر کے 7بچوں کی پیدائش

 لاہور(آئی این پی )وائلڈ لائف سفاری پارک میں گذشتہ چند ہفتوں کے دوران شیر کے 7بچوں کی پیدائش ہوئی ۔رائیونڈ روڈ پر واقع لاہور سفاری پارک میں تین مادہ شیرنیوں نے سات بچوں کو جنم دیا ہے، ایک کے ہاں تین جبکہ باقی دو نے دو، دو بچوں کو جنم دیا، ان نئے مہمانوں میں دو بچے سفید ہیں جبکہ اس سے قبل رائل بنگال ٹائیگر کے تین بچوں کی بھی صحت مند بریڈ لی گئی تھی۔لاہور سفاری زو کے ڈائریکٹر تنویر احمد جنجوعہ نے بتایا کہ تمام بچے صحت مند ہیں۔ ادھر سفاری زو سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق چار بچوں کو پیدائش کے بعد ان کی ماں نے انہیں قبول نہیں کیا جس کی وجہ سے ان کی ہینڈ فیڈنگ کی جارہی ہے۔