جسٹس سرفراز ڈوگر نے قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا حلف اٹھا لیا

جسٹس سرفراز ڈوگر نے قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا حلف اٹھا لیا

اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس، جسٹس سرفراز ڈوگر نے ایوانِ صدر میں منعقدہ ایک تقریب میں اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

 صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ان سے حلف لیا۔یہ تقریب سپریم کورٹ کے نئے ججز کی حلف برداری کے بعد منعقد ہوئی۔ آئین کے آرٹیکل 194 کے تحت، 26ویں ترمیم کے بعد، صدرِ مملکت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے حلف لیتے ہیں، جبکہ دیگر ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز کا حلف متعلقہ صوبوں کے گورنرز لیتے ہیں۔جسٹس سرفراز ڈوگر کی تقرری اس وقت عمل میں آئی جب سابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ، جسٹس عامر فاروق، کو سپریم کورٹ میں تعینات کیا گیا۔ وزارتِ قانون نے گزشتہ رات ان کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔حلف برداری کی اس تقریب میں وکلاء، ججز اور حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔