وزیر صحت کا اظہار برہمی، سلمان رفیق کا ہسپتال میں سہولیات کا جائزہ،کینسر ہسپتال بارے بھی اجلاس
لاہور (خصوصی رپورٹ ) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا، مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی اور سپیشل سیکرٹری آپریشنز محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن طارق محمود رحمانی بھی ہمراہ تھے۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور عملہ سے ملاقات بھی کی۔مریضوں سے عیادت کی اور طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔ صوبائی وزیر و مشیر صحت نے علامہ اقبال میڈیکل کالج میں اجلاس کی صدارت بھی کی۔ پرنسپل پروفیسر طیبہ وسیم نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے صوبائی وزیر صحت کو بریفنگ دی۔صوبائی وزیر و مشیر صحت نے ری ویمپنگ منصوبے میں تاخیر پر کنٹریکٹرز پر اظہار برہمی کیا اور جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ ادھر صوبائی وزیر صحت کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کے حوالے سے اجلاس ہوا، سنٹر کے حوالے سے مختلف ماڈلز کا جائزہ لیا گیا۔