15 ایس ایچ اوز ، چوکی انچارجز کے رینک میں تنزلی کی سفارش

 ایس ایچ او لوئر مال سید نبیل محسن ، گوالمنڈی محمد یونس ، نیوانارکلی اختر حسین شامل ،ایس پی سٹی نے رپورٹ بھجوا دی 
لاہور (کرائم رپورٹر)سٹی ڈویڑن میں فرائض میں غفلت برتنے پر پنجاب پولیس نے 15 تھانوں کے ایس ایچ اوز اور چوکی انچارجز کے خلاف بڑا محکمانہ ایکشن لیتے ہوئے انہیں عہدوں میں تنزلی کی سزا سنا دی۔تفصیلات کے مطابق یہ سزائیں پنجاب پولیس ای اینڈ ڈی رولز 1975 کے تحت سنائی گئیں۔ متعلقہ افسران کو اشتہاری ملزمان (POs) کی گرفتاری اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹاسک سونپا گیا تھا، تاہم انہوں نے ذمہ داریوں کی ادائیگی میں غیر سنجیدگی اور غفلت کا مظاہرہ کیا۔ذرائع کے مطابق 24 مارچ 2026 کو کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں افسران کی مجموعی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیا گیا۔ بعد ازاں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سٹی ڈویڑن نے باقاعدہ سماعت کے بعد افسران کو الزامات کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے فوری سزاؤں کے احکامات جاری کییتنزلی پانے والوں میں ایس ایچ او لوئر مال سب انسپکٹر سید نبیل محسن (سب انسپکٹر سے اے ایس آئی)، ایس ایچ او گوالمنڈی انسپکٹر محمد یونس بھٹی (انسپکٹر سے سب انسپکٹر)، ایس ایچ او نیو انارکلی اختر حسین (انسپکٹر سے سب انسپکٹر)، ایس ایچ او داتا دربار محمد عثمان یونس (انسپکٹر سے سب انسپکٹر) شامل ہیں۔اسی طرح ایس ایچ او بھاٹی گیٹ توصیف احمد، ایس ایچ او یکی گیٹ شیخ کاشف یوسف، ایس ایچ او شفیق آباد سہیل لیاقت، ایس ایچ او موچی گیٹ علی زوہیب مقبول، ایس ایچ او راوی روڈ آصف ذوالفقار اور ایس ایچ او شادباغ زاہد حسین کو بھی مختلف درجات میں تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔مزید برآں چوکی انچارج اکرم پارک اسلام پورہ طاہر مسعود، چوکی انچارج میو ہسپتال زاہد احمد، چوکی انچارج سبزی منڈی فیصل بھٹی اور چوکی انچارج جوزف کالونی محمد اعظم کو بھی سب انسپکٹر سے اے ایس آئی کے عہدے پر تنزلی دی گئی۔ایس پی سٹی ڈویڑن بلال احمد کے مطابق افسران کو متعدد بار ہدایات جاری کی گئیں مگر انہوں نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا، جس کے باعث سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ بھی فرائض میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ناقص کارکردگی دکھانے والوں کے خلاف سخت ایکشن کا سلسلہ جاری رہے گا۔