کابل: افغانستان میں معاشی مشکلات بدستور برقرار ہیں، جبکہ شہری طالبان حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے روزگار اور مہنگائی کے مسائل کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی اخبار ہشت صبح نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں متعدد افغان شہری ایک وقت کا کھانا خریدنے کی استطاعت بھی نہیں رکھتے۔کابل کے شہریوں کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت کی جانب سے بہتر معیشت کے دعوے عوام کی روزمرہ زندگی سے مطابقت نہیں رکھتے۔ ان کے مطابق خواتین پر عائد پابندیوں اور انہیں معاشی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے باعث ملکی معیشت بھی متاثر ہوئی ہے۔افغان مزدوروں کا کہنا ہے کہ طالبان کو معاشی ترقی کے دعوے کرنے سے پہلے عوام کے حالات کا جائزہ لینا چاہیے۔ ان کے مطابق ملک میں روزگار کے مواقع انتہائی محدود ہیں، جبکہ بیرونی سرمایہ کاری کے لیے بھی ضروری سہولیات اور سازگار ماحول موجود نہیں۔