سری لنکا میں عوام کو ریلیف، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

 سری لنکا میں عوام کو ریلیف، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

کولمبو: سری لنکا نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 6 فیصد تک کمی کا اعلان کر دیا ہے، جو مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی توانائی قیمتوں میں اضافے کے بعد پہلی کمی ہے۔

سرکاری پیٹرولیم کارپوریشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 25 سری لنکن روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 382 سری لنکن روپے (1.15 ڈالر) فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 20 سری لنکن روپے فی لیٹر کمی کر کے اسے 414 سری لنکن روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، کیونکہ امریکا اور ایران نے اپنے تنازع کے حل کے لیے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی ہے۔یاد رہے کہ سری لنکا نے رواں سال فروری میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا تھا۔

 اسی دوران درآمدی لاگت پوری کرنے کے لیے بجلی کے نرخوں میں بھی تقریباً ایک تہائی اضافہ کیا گیا تھا۔سری لنکا اپنی تمام تیل کی ضروریات درآمد کرتا ہے، جبکہ بجلی کی پیداوار کے لیے بھی درآمدی کوئلے پر انحصار کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں طویل کشیدگی ملک کی نازک معاشی بحالی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔