روس میں ایندھن کا بحران سنگین، کم معیار کے پٹرول کی اجازت پر غور

روس میں ایندھن کا بحران سنگین، کم معیار کے پٹرول کی اجازت پر غور

ماسکو: روس میں ایندھن کے بڑھتے ہوئے بحران کے پیش نظر حکومت سستے پٹرول اور ڈیزل کے معیار میں عارضی نرمی اور کم معیار کے ایندھن کی پیداوار و درآمد کی اجازت دینے پر غور کر رہی ہے۔

روسی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق حکومت ایک مسودہ پالیسی کا جائزہ لے رہی ہے، جس کے تحت یورو-2 معیار کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی پیداوار اور درآمد کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ یہ معیار 2013 سے روس میں ممنوع ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یوکرین کی جانب سے روسی ریفائنریز اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث ملک کے بعض علاقوں میں ایندھن کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی اعتراف کیا ہے کہ ان حملوں کے باعث بعض علاقوں میں ایندھن کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، تاہم حکومت بحران پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ماہرین کے مطابق اگر یہ پالیسی منظور ہو جاتی ہے تو یہ روس کے ایندھن کے معیار سے متعلق نظام میں ایک بڑی تبدیلی ہوگی اور جنگی دباؤ کے باعث معاشی پالیسیوں میں لچک کی ایک اہم مثال سمجھی جائے گی۔