یکم جولائی سے ای چالان نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی، گاڑیاں بند کرنے کا بھی فیصلہ

یکم جولائی سے ای چالان نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی، گاڑیاں بند کرنے کا بھی فیصلہ

لاہور: ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے ای چالان نادہندگان کے خلاف صوبہ بھر میں بھرپور کریک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم جولائی سے ای چالان کی ادائیگی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ای چالان نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے صوبے بھر میں ٹریفک پولیس کے تمام اہلکاروں کو ٹریفک ون ایپ فراہم کر دی گئی ہے، جس کے ذریعے موقع پر ہی ای چالان کی تصدیق اور واجبات کی وصولی ممکن ہوگی۔ترجمان نے بتایا کہ شہری اپنے ای چالان کی تفصیلات پنجاب سیف سٹی کی ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔ اگر کسی شہری نے مقررہ وقت پر ای چالان ادا نہ کیا تو متعلقہ موٹر سائیکل یا گاڑی کو بند بھی کیا جا سکتا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے اپنے ای چالان بروقت ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور سڑکوں پر نظم و ضبط ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہی محفوظ سفر کی ضمانت ہے، لہٰذا تمام شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوانین پر عمل کریں۔