جولائی میں لاہور سے پہلی مال بردار ٹرین روس روانہ ہوگی

16 بوگیوں پر مشتمل ٹرین براستہ ایران،ترکمانستان،قازقستان روس پہنچے گی
اقدام سے جنوبی اوروسطی ایشیا کے درمیان تجارت کو فروغ ملے گا،پی آراوریلویز
لاہور (خصوصی رپورٹ )پاکستان ریلویز نے لاہور سے روس تک مال بردارٹرین چلانے کیلئے تیاریاں مکمل کرلیں۔ ریلوے حکام کے مطابق جولائی میں پہلی مال بردار ٹرین روس روانہ ہوگی، 16 بوگیوں پر مشتمل مال بردار پہلی ٹرین ایران،ترکمانستان اور قازقستان سے ہوتے ہوئے روس پہنچے گی۔ مال بردارگاڑی کا آخری سٹیشن روس کاشہر اسٹراخان ہوگا۔ گاڑی سے مختلف اشیا روس، ترکمانستان اور قازقستان سے بھی پاکستان پہنچیں گی۔ قبل ازیں 22 جون کوٹرین کی روانگی ایران اسرائیل جنگ کے باعث منسوخ کردی گئی تھی۔ پبلک ریلیشنز آفیسرپاکستان ریلویز بابر رضا کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے درمیان تجارت کو فروغ ملے گا۔