لاہور(خصوصی رپورٹ )متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے زیر انتظام گورودوارہ ڈیرہ صاحب میں مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی مرکزی تقریب ہوئی ،چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر،ستونت کور ،پروفیسر ڈاکٹر ممپال سنگھ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل شرائنز علی اصغر ،سابق پردھان سردار بشن سنگھ سمیت پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی ،تقریب کے شرکا نے مہاراجہ رنجیت سنگ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔چیئرمین ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے کہا مہاراجہ رنجیت سنگھ نے انصاف، رواداری اور بھائی چارے کی بنیاد پر حکومت قائم کی اورتمام مذاہب کی عبادت گاہوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا بھارت کی جانب سے سکھ یاتریوں کو پاکستان نہ آنے دینا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے اقلیتی عبادت گاہوں کی صرف عمارتیں نہیں سنواری بلکہ اقلیتوں سے رشتے اور مذہبی روایات کو مضبوط بنایا ہے۔ سردار بشن سنگھ نے کہا کہ بھارتی سکھوں کو پاکستان آ نے سے روکنا مودی حکومت کی تنگ نظری ہے ، بھارت کے اس اقدام پر پوری دنیا کی سکھ قوم افسردہ ہے۔ پاکستان میں بسنے والی سکھ قوم و دیگر اقلیتیں محفوظ ہیں جبکہ بھارت نے مذہبی آزادی سلب کر رکھی ہے۔