سیوریج اور ڈرین سسٹم کی تعمیر کی تیاری

 نکاسی آب کیساتھ سیوریج نظام متعارف کرایا جائیگا ، شہروں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کی حکمت عملی پر غور 
لاہور (خصوصی رپورٹ)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی صوبائی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں ہوا جس میں وزیراعلی ٰکے معاون خصوصی ذیشان ملک، سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ اور پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے ایم ڈی سید زاہد عزیز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہروں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے پی ایم ڈی ایف سی کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ کمیٹی نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی نگرانی کیلئے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ریجنل افسروں کی تعیناتی کی منظوری دی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پروگرام کے مطابق ہر شہر میں مرحلہ وار سیوریج اور ڈرین سسٹم تعمیر کیا جائیگا۔ برساتی پانی کے نکاس کے ساتھ سیوریج کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پارکوں اور سٹریٹ لائٹس کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بعض شہروں میں ورلڈ بینک کے تعاون سے بھی ڈریم ٹو پراجیکٹ کے تحت سکیمیں بنائی جا رہی ہیں۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی طرز پر شہروں کی تمام گلیاں پختہ کی جائیں گی۔ زیادہ شہروں میں پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ذریعے کام مکمل ہوگا تاہم چند شہروں میں وہاں کی واسا کی زیرنگرانی منصوبے مکمل ہوں گے۔