حاجی کیمپ ڈرین منصوبہ مکمل کرنے کا فیصلہ

5کروڑ روپے کی رقم مزید درکار ،واسا حکام کے مطابق منصوبہ آئندہ مالی سال کے دوران مکمل کر لیا جائے گا
لاہور (کرائم رپوٹر) شہر کے سب سے طویل التوا  کا شکار ترقیاتی منصوبے کی تکمیل کی امید روشن ہو گئی ، پنجاب حکومت نے مالی سال 2025-26 میں حاجی کیمپ سٹروم واٹر ڈرین منصوبہ مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا ،  بجٹ میں فنڈز بھی مختص کر دئیے گئے۔  تفصیل کے مطابق وسطی لاہور کو بارشوں کے دوران ڈوبنے سے بچانے کیلئے شروع کیا گیا حاجی کیمپ ڈرین منصوبہ آئندہ مالی سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے واسا کو منصوبہ مکمل کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ۔  رواں مالی سال   منصوبے  کیلئے10کروڑ روپے مختص کئے گئے۔آئندہ مالی سال کے بجٹ میں منصوبے کے باقی ماندہ کام کی تکمیل  کیلئے مزید 5 کروڑ روپے تجویزکئے گئے۔9 سال قبل سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دور میں شروع کیا گیا  ، منصوبے  پر تاحال 3 ارب 3 کروڑ 69 لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ منصوبے کا ریوائزڈ پی سی ون 3 ارب 10 کروڑ 84 لاکھ روپے کا ہے جبکہ اب صرف5کروڑ روپے کی رقم مزید درکار ہے۔ واسا حکام کے مطابق منصوبہ آئندہ مالی سال کے دوران مکمل کر لیا جائے گا۔