لاہور کے علاقے مسلم ٹاؤن میں شیخ اسپتال کے قریب افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں 11 کے وی (کلو وولٹ) بجلی کی ہائی ٹینشن تاریں ایک راہگیر خاتون پر آ گریں، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، تاہم بجلی کی تاروں میں کرنٹ موجود ہونے کے باعث لاش تک رسائی ممکن نہ تھی۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر لیسکو حکام کو اطلاع دی تاکہ بجلی کی فراہمی معطل کرکے تاروں کو محفوظ طریقے سے ہٹایا جا سکے۔حکام کے مطابق جاں بحق خاتون کے ہمراہ موجود ان کی کمسن بیٹی خوش قسمتی سے اس حادثے میں محفوظ رہی اور اسے کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا۔واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر موجود رہیں جبکہ لیسکو کا عملہ بجلی کی تاریں ہٹانے اور علاقے کو محفوظ بنانے میں مصروف رہا۔پولیس نے واقعے کی ابتدائی معلومات اکٹھی کرنا شروع کر دی ہیں، جبکہ متعلقہ حکام بجلی کی تاریں گرنے کی وجوہات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ حادثے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہریوں نے بجلی کے نظام کی بروقت دیکھ بھال اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا۔