پولیس اہلکار کی اپنی ضعیف والدہ پر بہیمانہ تشدد، تھپڑوں کی بارش اور کپڑے پھاڑ ڈالنے کا انکشاف

پولیس اہلکار کی اپنی ضعیف والدہ پر بہیمانہ تشدد، تھپڑوں کی بارش اور کپڑے پھاڑ ڈالنے کا انکشاف

راولپنڈی کے تھانہ سول لائن کے علاقے جھنڈا چیچی میں پولیس اہلکار کے خلاف اپنی ضعیف والدہ اور بھائی پر مبینہ تشدد کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ متاثرہ خاتون کی درخواست پر درج کیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔درخواست گزار شمشاد بیگم نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے تین بیٹے ہیں، جن میں سے دو، فرخ منیر اور کاشف منیر، ان کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔ ان کے مطابق حاضر سروس پولیس اہلکار فرخ منیر نے گھر کی چابیاں طلب کیں، جس پر انہیں بتایا گیا کہ چابیاں گم ہو گئی ہیں۔خاتون کا الزام ہے کہ یہ سن کر فرخ منیر مشتعل ہو گیا اور انہیں تھپڑ مارے، بالوں سے کھینچا، چہرہ نوچا اور کپڑے پھاڑ دیے۔ ان کے مطابق شور سن کر دوسرا بیٹا کاشف منیر انہیں بچانے آیا تو ملزم نے اس سے بھی جھگڑا کیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ تشدد کے باعث خاتون کے چہرے پر زخم آئے، جبکہ ریسکیو 15 کو اطلاع دینے کے بعد صورتحال پر قابو پایا گیا۔شمشاد بیگم نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان کی اور ان کے دوسرے بیٹے کی جان کو خطرہ لاحق ہے، لہٰذا انہیں قانونی تحفظ فراہم کیا جائے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔