امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 1.29 ڈالر کی کمی کے بعد 89.45 ڈالر فی بیرل رہ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 56 سینٹ یا 0.66 فیصد کمی کے بعد 83.90 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار رہنے کے باوجود تیل بردار جہازوں کی بلا تعطل آمدورفت نے عالمی منڈی کو اطمینان دیا، جس کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری سیشن کے دوران جنگی خدشات کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا تھا، جہاں برینٹ خام تیل 7.91 فیصد جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 6.56 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا تھا۔اس سے قبل منگل کے روز جنگ میں مختصر وقفے کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں کشیدگی میں اضافے کے باعث قیمتیں دوبارہ اوپر چلی گئی تھیں۔