جارحیت دہرائی تو ایسا جواب دینگے جسے چھپانا بھی ممکن نہ ہو گا: ایرانی وزیر خارجہ

اگردنیا کو ایرانی جوہری پروگرام پر تحفظات ہیں تو اسے سمجھ لینا چاہیے صرف مذاکرات سے ہی کوئی حل نکالا جاسکتا ہے
تہران(آئی این پی)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اگر ایران کے خلاف جارحیت دہرائی گئی تو ایسا جواب دیا جائے گا جسے چھپانا ممکن نہ ہو گا۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کو بخوبی معلوم ہے کہ حالیہ امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے دوران ہمیں اور ہمارے مخالفین کو کتنا نقصان ہوا ہے، امریکی و صیہونی جارحیت میں دشمن کے نقصانات کا بڑا حصہ آج بھی چھپایا جارہا ہے تاہم ایران کو ان نقصانات کا بھی علم ہے۔عراقچی کا کہنا تھا کہ اگر جارحیت دہرائی گئی تو ہم زیادہ فیصلہ کن انداز میں اور ایسا ردعمل دینے سے نہیں ہچکچائیں گے جس کو چھپانا بھی ممکن نہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ ایران کے جوہری پروگرام کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں، اگر دنیا کو ایرانی جوہری پروگرام پر تحفظات ہیں تو اسے سمجھ لینا چاہیے کہ صرف مذاکرات کے ذریعے ہی مسئلے کا کوئی حل نکالا جاسکتا ہے۔