غزہ کی صورتحال نہ بدلی تو فلسطین کو تسلیم کرلیں گے:برطانوی وزیراعظم

انسانی المیے کے خاتمے کے لئے مؤثر اقدامات نہ کئے تو ستمبر میں ریاست کو تسلیم کریں گے:سرکاری بیان

لندن(مانیٹرنگ  ڈیسک)برطانوی وزیراعظم نے کہا ہے غزہ کی صورتحال تبدیل نہ ہوئی تو فلسطین کو تسلیم کرلیں گے‘ برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے خبردار کیا ہے  اگر اسرائیل نے غزہ میں انسانی المیے کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے تو برطانیہ ستمبر میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرلے گا۔کابینہ اجلاس کے بعد جاری کردہ سرکاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم اسٹارمر نے وزرا کو بتایا کہ برطانیہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے قبل فلسطینی ریاست کو تسلیم کر سکتا ہے۔بیان کے مطابق برطانوی وزیراعظم نے اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں جاری ابتر صورت حال کے خاتمے، جنگ بندی کے قیام، مغربی کنارے میں مزید زمینوں کے انضمام سے گریز اور دو ریاستی حل پر مبنی دیرپا امن عمل کے آغاز کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔برطانوی وزیراعظم نے حماس سے مطالبہ بھی کیا کہ وہ تمام یرغمالیوں کو رہا کرے، جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کرے، غزہ کی حکومت میں کوئی کردار ادا نہ کرے اور مکمل طور ہتھیار پھینک کر غیر مسلح ہوجائے۔