گٹر میں تار چراتے 3چور ہلاک

6ملزم گٹر میں اترے تو ڈھکن بند ہوگیا، شور پر شہریوں کی ریسکیو کو اطلاع ، 3 کو حراست میں لے لیا گیا 
منڈی بہا ئوالدین (خصوصی رپورٹ)منڈی بہائوالدین میں چند ہزار روپے تار کی خاطر 3 افراد نے اپنی جانیں گنوا دیں۔واقعہ میں 3 مبینہ چور پی ٹی سی ایل کے مین ہول میں تار چوری کرتے ہوئے دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے، جبکہ 3 کو زندہ بچالیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونیوالوں اور زندہ بچ جانیوالوں کا تعلق تحصیل علی پور ضلع مظفر گڑھ سے ہے۔تفصیلات کے مطابق واسو روڈ پر واقع ہائوسنگ سکیم کے مرکزی گیٹ کے سامنے6 افراد رات کی تاریکی میں پی ٹی سی ایل کی زیر زمین تاریں چوری کرنے کی غرض سے گٹر میں داخل ہوئیتو گٹر کا ڈھکن اچانک بند ہو گیا ،جس کے باعث اندر موجود تمام 6افراد شدید دم گھٹنے اور زہریلی گیس سے متاثر ہوگئے اور کچھ ہی دیر میں گٹر سے چیخ و پکار کی بلند آوازیں آنے لگیں ، جس پر مقامی شہریوں نے پولیس اور ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔ ریسکیو، پولیس اور دیگر اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور 3 افراد کوریسکیو ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے زندہ نکال لیا، تاہم 3 افراد جانبر نہ ہو سکے جن کی لاشیں گٹر سے بر آمد کر لی گئیں۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم پی ٹی سی ایل کمپنی کے مونوگرام والی جعلی جیکٹس پہن کر خود کو سرکاری ملازم ظاہر کرتے اور مختلف علاقوں میں تاریں چوری کرنے کے واقعات میں ملوث رہے ہیں۔پولیس نے زندہ بچ جانے والے تینوں ملزموں کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔