موٹر سائیکل اور رکشے ملک کی کل پٹرول کا 40 فیصد استعمال کرتے ہیں،وفاقی وزیراویس لغاری
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر سردار اویس لغاری نے پاکستان میں زیر استعمال موٹر سائیکلوں اور ان کے پٹرول استعمال سے متعلق دلچسپ انکشاف کردیا۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان میں 3 کروڑ موٹر سائیکلیں زیر استعمال ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ ان 3 کروڑ موٹر سائیکلوں میں سالانہ 6 ارب ڈالرز ( 16 کھرب 71 ارب )سے زائد کا پٹرول استعمال ہوتا ہے۔اویس لغاری نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ موٹر سائیکل اور رکشے ملک کی کل پٹرول کا 40 فیصد استعمال کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 200 میگاواٹ کے فرنس آئل کے پاور پلانٹس کو وقت سے پہلے ریٹائر کر رہے ہیں، اس وقت ملک میں 55 فیصد بجلی ماحول دوست ذرائع سے پیدا ہو رہی ہے۔اْن کا کہنا تھا کہ 2030 تک مجموعی بجلی پیداوار کا 60 فیصد قابل تجدید اور ماحول دوست ذرائع سے ہوگا۔ ویلنگ پالیسی متعارف کروا رہے ہیں، گرین انرجی کے پیداوار اور خرید و فروخت میں اضافہ ہوگا۔اویس لغاری نے یہ بھی کہا کہ ملک میں غیر میعاری پنکھوں کی تبدیلی کا پروگرام متعارف کرا رہے ہیں، ان تمام پالیسوں پر عمل درآمد کے لیے 100 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی ضرورت ہوگی۔