آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ اور کپتان اسٹیو اسمتھ نے سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ کے دوران ایک نیا سنگ میل عبور کیا ہے، جب انہوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 266 رنز کا ریکارڈ قائم کیا۔
یہ شراکت ایشیا کے میدانوں میں تیسری وکٹ کی سب سے بڑی شراکت بن گئی ہے۔عثمان خواجہ اور اسٹیو اسمتھ کی شراکت نے نہ صرف ایشیا بلکہ سری لنکا میں بھی تیسری وکٹ کے ریکارڈ کو توڑ دیا۔ اس شراکت میں عثمان خواجہ نے 121 رنز بنائے، جبکہ اسٹیو اسمتھ نے 141 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس سے قبل، آسٹریلیا کی جانب سے 1979 میں چنئی میں ایلن بارڈر اور کم ہیوز نے 222 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔یہ شراکت سری لنکا میں کسی بھی ٹیسٹ میچ کے دوران تیسری وکٹ کی سب سے بڑی شراکت بھی بنی ہے۔
2004 میں ایڈم گلکرسٹ اور ڈیمین مارٹن نے سری لنکا کے کینڈی گراؤنڈ پر 200 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ مزید برآں، اس شراکت سے اسٹیو اسمتھ اور مارنس لبوشین کی 2022 میں گال اسٹیڈیم میں بنائی گئی 134 رنز کی شراکت بھی پیچھے رہ گئی۔اس شراکت نے گالے کے تاریخی میدان پر نئے ریکارڈز قائم کر کے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور یہ دونوں کھلاڑیوں کے لیے ایک یادگار لمحہ ثابت ہوا۔