وی پی این رجسٹریشن: 10 روز بعد بھی کسی کمپنی نے درخواست نہیں دی، پی ٹی اے

وی پی این رجسٹریشن: 10 روز بعد بھی کسی کمپنی نے درخواست نہیں دی، پی ٹی اے

اسلام آباد:پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے دس روز قبل کمپنیوں کو وی پی این رجسٹر کرنے کی پیشکش کی تھی، تاہم اب تک کسی کمپنی نے وی پی این رجسٹر کرنے کی درخواست جمع نہیں کروائی۔

پی ٹی اے ذرائع کے مطابق وی پی این کی رجسٹریشن کا عمل 19 دسمبر سے شروع کیا گیا تھا، لیکن دس روز گزرنے کے باوجود کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ دو سے چار ہفتوں میں رجسٹریشن کے لیے درخواستیں موصول ہونا شروع ہوں گی۔ذرائع کے مطابق، وی پی این سروس پروائیڈرز کو مقامی طور پر رجسٹرڈ کرنے کے لیے لائسنس جاری کیے جائیں گے، جس کے تحت یہ کمپنیاں پاکستان میں ڈیٹا سینٹرز بنانے اور مقامی ڈیٹا پروٹیکشن قوانین پر عمل درآمد کرنے کی پابند ہوں گی۔

پی ٹی اے لائسنس فیس کے طور پر 2 سے 4 لاکھ روپے وصول کرے گا، اور رجسٹریشن کے بعد وی پی این سروسز سائبر حملوں کی نشاندہی اور انہیں ٹریک کرنے میں مزید مؤثر ثابت ہوں گی۔یہ فیصلہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیا گیا ہے تاکہ مقامی سطح پر ڈیٹا کی حفاظت اور سائبر سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔