وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے یوم تاسیس کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا جس میں آل انڈیا مسلم لیگ کی تاریخی جدوجہد اور قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں پاکستان کے قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ 118 سال پہلے مسلم لیگ کے قیام نے مسلمانوں کی خواہشات کو عملی جامہ پہنایا اور برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن فراہم کیا۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں 34 سال سے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کر رہی ہے اور اس دوران مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کی فلاح کو ترجیح دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور معیشت کی خاطر مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاست کی قربانی دی اور ملکی مفاد کے لئے جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ملک میں صنعت، زراعت اور معیشت کی ترقی ہوئی اور سفارتی سطح پر دوست ممالک سے تعلقات مستحکم ہوئے۔
وزیراعظم نے پارٹی کارکنان اور سیاسی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے پارٹی نے آمروں کے سامنے حق کی آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وسیع تر مفاد میں ہمیشہ انتشار اور عوام کو تقسیم کرنے کی سیاست سے گریز کیا گیا۔شہباز شریف نے آخر میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) قائد نواز شریف کی رہنمائی میں عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی کے لئے اپنی محنت جاری رکھے گی۔