مریم نواز کا نوشہرو فیروز اور اٹک میں ٹریفک حادثات پر افسوس کا اظہار

مریم نواز کا نوشہرو فیروز اور اٹک میں ٹریفک حادثات پر افسوس کا اظہار

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوشہرو فیروز اور اٹک میں ہونے والے دو بڑے حادثات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

جاری کیے گئے بیان میں مریم نواز نے حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔نوشہرو فیروز میں پیش آنے والے حادثے میں ایک ٹریلر اور وین کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 16 افراد زخمی ہوئے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر کارروائی کی اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔دوسرا حادثہ اٹک کے فتح جنگ انٹر چینج کے قریب پیش آیا، جہاں ایک اور تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

 اس حادثے میں 7 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوراً طبی امداد فراہم کی گئی۔ موٹر وے پولیس کے مطابق تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کے اسباب کا پتہ چلایا جا سکے۔مریم نواز نے کہا کہ حکومت ان حادثات کے اسباب کا فوری طور پر جائزہ لے گی اور سڑکوں پر حفاظتی تدابیر کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔