چیئرمین کمیٹی سے تلخ کلامی،کمیٹی کو کھلی کچہری نہ بنایا جائے، عالیہ کامران
پمز اور پولی کلینک میں ادویات کی فراہمی پر انکوائری نہ ہونے پر اظہارِ برہمی
اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت میں ایجنڈا نظرانداز کرنے پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی رکن عالیہ کامران نے شدید احتجاج کیا اور چیئرمین کمیٹی سے تلخ کلامی بھی ہوئی، جس پر چیئرمین کمیٹی نے اجلاس ملتوی کر دیا۔ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کے اجلاس کے دوران اہم ایجنڈا چھوڑ کر دوسرا معاملہ زیر بحث لانے پر رکن کمیٹی عالیہ کامران نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ان کا چیئرمین کمیٹی کے ساتھ تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور انہوں نے کھل کر اپنے تحفظات ریکارڈ کرائے۔عالیہ کامران نے کہا کہ ہم کوئٹہ سے جہاز کے ذریعے اسلام آباد پہنچے ہیں، مگر ہمارا ایجنڈا زیر بحث نہیں لایا گیا۔ انہوں نے تحریری طور پر بھی اپنے تحفظات جمع کرائے اور کہا کہ کمیٹی کے اجلاس کو کھلی کچہری نہ بنایا جائے۔رکن کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ چیئرمین اپنا رویہ درست کریں اور ایجنڈے کو ترجیح دیں۔ ان کے مطابق یہ کمیٹی پارلیمنٹ کا آئینہ ہے اور اس کے وہی اختیارات ہیں جو پارلیمنٹ کے ہیں