اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایران امریکا تنازع اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستانی قیادت کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے حق میں پوسٹرز لگ گئے۔ظلم و جبر اور قتل عام کے باوجود قابض بھارت کشمیریوں کے دل سے پاکستان کی محبت نہ نکال سکا، جس کا ثبوت یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے ایران امریکا جنگ بندی پر پاکستانی قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔بھارتی میڈیا این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارت کے زیرتسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈا میں پاکستان کے حق میں پوسٹر لگا دیے گئے ہیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں پوسٹر کے ساتھ سبز ہلالی پاکستانی پرچم کو بھی دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ پوسٹر میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو امریکا ایران جنگ بندی پر خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔