پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، 100 انڈیکس 1797 پوائنٹس گر کر 113,074 پوائنٹس پر آ گیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، 100 انڈیکس 1797 پوائنٹس گر کر 113,074 پوائنٹس پر آ گیا

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کا آغاز شدید مندی کے ساتھ ہوا، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس میں 1797 پوائنٹس کی بڑی کمی واقع ہوئی۔ مارکیٹ کا آغاز 113,074 پوائنٹس کی سطح پر ہوا، جو گزشتہ چند ماہ کے دوران سب سے کم سطح ہے۔

کاروبار کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل نظر آیا، جس کے باعث فروخت کا دباؤ بڑھ گیا اور مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی۔ گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں ابتدائی سیشن میں مندی رہی تھی، تاہم کاروبار کے اختتام تک مارکیٹ مثبت زون میں آ گئی تھی۔ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں حالیہ مندی کی بنیادی وجہ ملک کی معاشی اور جیو پولیٹیکل صورتحال ہے، جس نے سرمایہ کاروں کو محتاط کر دیا ہے اور وہ اپنے سرمایہ کی حفاظت کے لئے فروخت کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ملکی سیاسی اور اقتصادی عدم استحکام کی خبریں مارکیٹ میں مزید بے چینی کا سبب بن رہی ہیں۔

انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی
دوسری جانب، انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق ڈالر کی قیمت 5 پیسے سستی ہو کر 280 روپے 97 پیسے پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں کمی آنے سے کچھ حد تک افراط زر میں کمی کی توقع ہے، تاہم اس کمی کو مستقل بنانے کے لئے حکومت کو مزید موثر اقتصادی پالیسیوں کی ضرورت ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور کرنسی مارکیٹ کی صورتحال پر سرمایہ کاروں کی نظریں جمی ہوئی ہیں، اور امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی مارکیٹ میں استحکام آئے گا۔